پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلز وہ واحد سیاسی جماعت ہے جسے ہر علاقے میں عوامی پذیرائی حاصل ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد نے عوام کے دلوں میں جو محبت ڈالی ہے اسے کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور عوام میں رابطوں کو ہمیشہ بحال رکھا ہے جس کے نتیجے میں آج بھی ملک بھر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے کی قدر کرتے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کے تحفظ مسائل کے حل کی بات کی ہے، پیپلز پارٹی وفاق سمیت تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی نمائندہ جماعت ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور کو چیئرمین آصف علی زرداری بلوچستان کے عوام سے گہری وابستگی رکھتے ہیں، بلوچستان میں پیپلز پارٹی آئندہ حزب اقتدار کی جماعت ہو گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی کے سربراہی میں بلوچستان میں پیپلزپارٹی مزید فعال ہو گی اور آمدہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
پرویز اشرف نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو علاقائی اور عالمی فورمز پر بھرپور پذیرائی حاصل ہےجبکہ سفارتی محاذ پر بھی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام ایک دور اندیش اور بالغ النظر سیاسی بصیرت کے حامل قیادت کے خواہاں ہیں جو ملک کو معاشی اور سیاسی بحرانوں سے نکالنے میں کردار ادا کر سکے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ ان کے سربراہی میں بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے قائم خصوصی کمیٹی برائے بلوچستان فعال کردار ادا کر رہی ہے،بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے اس کے عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وفد میں میر چنگیز خان جمالی کے علاوہ قاسم اچکزئی، عمران بنگلزئی ، میر خالد جوگیزئی اور غلام علی جمالی شامل تھے۔



















