صدر مملکت نے کہا ہے کہ معاشرے کو خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت خصوصی افراد کی بہبود میں مالیاتی خدمات کے کردار کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں صدر مملکت نے خصوصی افراد کی استعداد کار بڑھانے ، کیریئر کونسلنگ کی ضرورت پر زور دیا۔
نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر راشد باجوہ نے خصوصی افراد اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام دیہی علاقوں میں کسانوں اور چھوٹے زمینداروں کو مدد فراہم کررہا ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام پاکستان میں مائیکرو فنانشل سروسز فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے، نیشنل رورل سپورٹ پروگرام 72 اضلاع میں پسماندہ کمیونٹیز کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہا ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام خصوصی افراد کی بہبود اور بحالی کے لیے کام کررہا ہے جبکہ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام خصوصی افراد کو مالی خدمات، مصنوعی اعضاءاور بحالی کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کی بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی 10 سے 14 فیصد آبادی کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہے، خصوصی افراد کو ان کے ہنر کے مطابق ملازمتوں کے ساتھ جوڑنا ہوگا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں خصوصی افراد کو مختلف جسمانی اور مالی رکاوٹوں کا سامنا ہے ، حکومتی اور نجی شعبے کو خصوصی افراد کی مالی و سماجی شمولیت کیلئے اجتماعی اقدامات کرنا ہوں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو مالیاتی خدمات تک رسائی اور روزگار فراہم کرکے مالی طور پر خود مختار بنانے کی ضرورت ہے، معاشرے کو خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور سہولت کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔



















