مریم نواز نے کہا ہے کہ جس ملک میں انصاف ہوگا وہاں جمہوریت مضبوط ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کسی کو پکڑنا چاہےتو5منٹ سے زیادہ کا کام نہیں لیکن ریاست نہیں چاہتی کہ خون خرابہ ہو یاکوئی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرکے بلوچستان نہیں بھیجنا،عدالت پیش کرنا ہے، عمران خان لکھ کر دیں ہر پیشی پر عدالت آئیں گے تو انہیں گرفتار نہ کیا جائے،مقدمات چلائے جائیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ عمران خان تمام کیسز میں انڈرٹیکنگ دےکہ پیش ہونگے، مقدمات کا فیصلہ ہونے پرعمران خان کوگرفتارکیاجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ زلمےخلیل زاد کو اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت کس نے دی؟ کالعدم تنظیم کے ارکان کے ذریعےریاست پرحملہ کیا گیا، عمران خان گرفتاری سےبچنےکیلئے یہ سب کررہا ہے۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں جدوجہد، قربانیوں سے پہچانی جاتی ہیں، ایک انسان جو اپنے آپ کو سیاسی لیڈر کہتا ہے اس انسان نے ہی پانچ روز سے لاہور میں تماشا کیے رکھا، عمران خان کی جانب سے اداروں کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا گیا، قانون کے سامنے پیش ہونے سے بچنے کیلئے دھاوا بولا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بیساکھیاں جانے کے بعد سب کچھ سامنے آرہا ہے، کچے کے ڈاکوؤں اور عمران خان میں کوئی فرق نہیں کیونکہ کچےکے علاقے اور زمان پارک میں جو ہورہا ہے اس میں کچھ فرق نہیں۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ایک شخص نے آئین کو پاؤں کی جوتی کے نیچے رکھا ہوا ہے، آج بھی اس کے وارنٹ عدالت نے معطل کردیے، اس کو یہ سہولت کیوں حاصل ہے؟ جمہوریت آگے بڑھنے کا ایک ہی طریقہ ہے غیرجمہوری لوگوں کا احتساب ہو جس ملک میں انصاف ہوگا وہاں جمہوریت مضبوط ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ہربیماری کی جڑ عمران خان ہے، پاکستان کے ہر مسئلے کے تانے بانے عمران سے ملتے ہیں، پاکستان کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار عمران خان ہے، جب میں اس کا نام لیتی ہوں تو مجھے تکلیف ہوتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ خود کوسیاسی لیڈر کہنےوالے کی حرکتیں سب کے سامنے ہیں جبکہ 2014 سے یہ سلسلہ چل رہا ہے،اس وقت سہولت کار ساتھ تھے، عمران خان2014 کےدھرنےمیں بھی یہ سب کرچکاہے، اشتہاری ملزم روز عدالت پیش ہوتا تھا لیکن کسی نےگرفتار نہیں کیا۔



















