Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب میں انتخابات ملتوی ، پی ٹی آئی رہنماؤں کا ردعمل سامنے آگیا

الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی کئے جانے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کا شدید ردعمل سامنے آگیا۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا ردعمل

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کیا آج رات سپریم کورٹ کھلے گی؟؟ یہ نہیں ہوسکتا وہ الیکشن کمیشن جس کے پاس تاریخ دینے کا اختیار ہی نہیں تھا وہ 30 اپریل کی جگہ 8 اکتوبر کی انتخابات کی تاریخ دے رہا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ساری سازشیں بے نقاب ہوچکی ہیں، سب ساتھ ملے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن نئے تاریخ کیسے دے سکتا ہے؟ ملک میں آئین کو ختم اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کو روند دیا گیا، ابھی وقت ہے آج رات سپریم کورٹ کھلے اور غیر قانونی حکم کو معطل کرے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ کا امتحان ہے اپنے فیصلے پر عمل کرائے، آرٹیکل 220سپریم کورٹ کو الیکشن کے لئے کسی بھی ایگزیکٹو سے مدد لے سکتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے مزید کہا کہ ان کو انتخابات سے نہیں بھاگنے دیں گے اس کے خلاف اب سب کو آواز اٹھانی ہوگی۔ بند کمروں میں فیصلے نہیں ہوسکتے، پورے پاکستان کو آئین کی بحالی کی تحریک چلانا ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کا ردعمل

پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کبھی بھی الیکشن منسوخی کو قبول نہیں کرےگی، نگران حکومتوں کو فوری طور پر برطرف کیا جائے، پی ڈی ایم ہمیشہ کی طرح سیاسی میدان سے بھاگ رہی ہے، اب یہ آئینی جنگ کا آغاز ہے، پاکستان بھر کے وکلاء آئین کی حکمرانی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے،انشاء اللہ۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا ردعمل

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق وہ تو الیکشن کی تاریخ دے ہی نہیں سکتا، یہ 8 اکتوبر کی تاریخ کس طرح سے دے دی ہے؟جن وجوہات کی بنیاد پر الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان ہوا ہے ان وجوہات کو جواز بنا کر الیکشن اگلے 100 سال تک ملتوی کیا جا سکتا ہے۔ یہ آئین پاکستان کی معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن ہے جو کسی صورت میں سپریم کورٹ کے سامنے نہیں ٹھہر سکتا، عوام اور سپریم کورٹ ہی آئین کے محافظ ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا ردعمل

رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو پیروں تلے روند ڈالا، پی ڈی ایم اور الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر الیکش سے بھاگنے کی کوشش کی، عدلیہ آئین شکن حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف ایکشن لیں اور ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کو بحال کریں۔

واضح رہے اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں 30 مارچ کو شیڈول عام انتخابات ملتوی کردیے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کا شیڈول معطل کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کا با ضابطہ حکم نام جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 30 مارچ کو پنجاب میں شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ تمام اداروں نے الیکشن ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے، موجودہ صورتحال میں صاف اور شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں۔

متعلقہ خبریں