الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے انتخابات ملتوی کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرسپریم کورٹ بارعابد شاہد زبیری کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے، آئین کی خلاف ورزی سے ملک میں انتشار اور انارکی پیدا ہوگی۔
اعلامیہ سپریم کورٹ بارمیں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرتے وقت آئین اور سپریم کورٹ فیصلہ کا خیال نہیں رکھا، الیکشن کمیشن نے ختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے، الیکشن کمیشن نے فیصلہ سے اپنے آئینی مینڈیٹ کی خلاف ورزی کی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ نگران حکومت 90 دن سے زیادہ کام جاری نہیں رکھ سکتی، جمہوریت کی بحالی اور وقت پر الیکشن حالات کا تقاضا ہے، تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ آئین کا تحفظ کرے، تمام آئینی عہدیداروں نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ آئینی ادارے کی جانب سے آئین کی خلاف ورزی کی اجازت نہ دی جائے۔
صدرسپریم کورٹ بارعابد شاہد زبیری نے اعلامیے میں مذید کہا کہ الیکشن کمیشن پنجاب کے انتخابات کے شیڈول واپس لینے کا نوٹیفیکیشن واپس لے، سپریم کورٹ بار آئین اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کیساتھ کھڑی ہے، جمہوریت کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کیلئے پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔



















