خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوم پاکستان پر پاکستانی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔
سعودی قیادت نے صدر عارف علوی کو تہنیتی مکتوب روانہ کئے ہیں شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں پاکستانی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک اور قوم کے لیے ترقی و کامرانی کی امید ظاہر کی ہے۔
اسی طرح ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر عارف علوی کو روانہ کئے جانے والےمکتوب میں ان کے لیے صحت و عافیت اور ملک وقوم کے لیے مزید ترقی و کامرانی کی امید ظاہر کی ہے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں آج یوم پاکستان بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
یوم پاکستان ہر سال 23مارچ 1940کو قرار داد پاکستان کی منظوری کے حوالے سے مینار پاکستان لاہور کے مقام پر ہو نے والے جلسہ عام کی یاد میں بھر پور تزک و احتشام سے منایا جاتا ہے جس کا خواب شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا اور جس پر عملدرآمد قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنان نے کیا۔
یوم پاکستان کے مقدس موقع پر آج وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 , 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
صبح کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد شکرانے کے نوافل سے ہوا جبکہ تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور تقسیم برصغیر کی جد و جہد کے دوران جام شہادت نوش پانے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔
یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان و بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ جبکہ لاہور میں شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔



















