Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجٹ ایک سیاسی دستاویز بن چکی ہے، جسے سمجھنا مشکل بنا دیا گیا ہے، قیصر بنگالی

معروف ماہر معیشت ڈاکٹر قیصر بنگالی کا کہنا ہے کہ بجٹ ایک سیاسی دستاویز بن چکی ہے، جسے سمجھنا اتنا مشکل بنا دیا ہے صحافی بھی سمجھنے سے قاصر ہیں۔

کراچی پریس کلب کی اسکلز اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے زیر اہتمام صحافیوں کے لیے بجٹ رپورٹنگ پر منعقدہ ورک شاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بجٹ کا ایک بڑا حصہ بیرونی امداد پر منحصر ہوتا ہے۔ ملکی پیداوار کم ہوچکی ہے جب کہ معیشت کو درآمدات کے حوالے کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر ماہر معاشیات عفت آراء، کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، بزنس رپورٹر ملک تنویر احمد اور سیکریٹری اسکلز اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی حامد الرحمٰن نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر قیصر بنگالی نے بجٹ کے اجزاء، بنیادی اصطلاحات اور بجٹ کاپی کو سمجھنے اور رپورٹ کرنے کے حوالے سے ٹریننگ دی۔

ڈاکٹر قیصر بنگالی کا کہنا تھا کہ ٹیکسز کا سارا بوجھ مینوفیکچرنگ انڈسٹری پر ڈال دیا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے کارخانے بند اور بیروزگاری میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے یہاں تک کہ تنخواہیں بھی بیرونی قرضہ سے ادا کرنی پڑتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسز میں اضافے کے بجائے اخراجات میں کمی لاکر ہی معاشی بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر عفت آراء نے بجٹ میں استعمال ہونے والی اصطلاحات، عوام پر بجٹ کے اثرات پر تفصیلی گفتگو کی۔

بزنس رپورٹر ملک تنویر نے بجٹ رپورٹنگ کے تجربات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

ورکشاپ کے اختتام پر گورننگ باڈی کے ارکان نے مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں، ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے-

متعلقہ خبریں

Exit mobile version