پنجاب میں بارشوں سے ہونے والی اموات کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے گزشتہ 24 گھنٹوں کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مجموعی طور پر 6 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ پی ڈی ایم اے کو پنجاب کے تمام اضلاع سے بارش کے باعث ہونے والی اموات کی رپورٹ بھی موصول ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شیخوپورہ سے 2 اموات اور فیصل آباد سے 2 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جھنگ اور خوشاب میں 1 ، 1 اموات رپورٹ ہوئیں۔
عمران قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 7 افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبائی کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے، پی ڈی ایم اے ، پنجاب بھر کی انتظامیہ سے مکمل رابطہ میں ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ رکھا گیا، شہری نقصانات کی اطلاع کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا
دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے،بارش سے اسلام آباد اور گردونواح کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
اسلام آباد میں بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہے گا، کچھ علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش
کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے بادل برسنے کی پیشگوئی
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا کہ 7 تا 10 جولائی شہر میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، اس دوران گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے تھا کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہیں، شمال مغربی سمت سے 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔




















