احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں نے اقتصادی ترقی، روزگار اور عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بحریہ یونیورسٹی میں منعقدہ سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10سال قبل 5 جولائی 2013 کو جس منصوبے کا آ غا ز کیا تھا آج اس نے پورے ملک میں لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ،سڑکوں ،توانائی سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے رفتار کو تیز کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت کی وسعت نظری کے باعث سی پیک نے نمایاں ترقی کی ،چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان میں گوادر، توانائی، بنیادی ڈھانچہ اور صنعتی ترقی پر اتفاق ہوا،سی پیک منصوبوں کے تناظر میں 11 ورکنگ گروپ قائم ہیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ گوادر بندرگاہ کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کامیابیاں ملیں، آج بندرگاہ مکمل فعال ہے۔گوادر ہوائی اڈہ، ہسپتال، سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے کا پلانٹ اور دیگر منصوبے بھی تعمیر ہوئے جبکہ سی پیک منصوبوں نے اقتصادی ترقی، روزگار اور عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی پیک کی 5 جولائی 2013 کو تعاون کی پہلی یادداشت پر دستخط ہوئے،سی پیک پاکستان کی ترقی کی کہانی ہے، گزشتہ حکومت نے ترقی کے اس موقع کو اٹھا پھینکا۔آج چین کی فی کس آمدنی 13 ہزار ڈالر، پاکستان کی 600 ڈالر ہے،چین اپنے لوگوں کے لیے روزگار، ترقی اور خوشحالی کے مواقع پیدا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈھانچہ سازی کے 80 فیصد منصوبے 2018 میں مکمل ہو چکے تھے،چین نے پاکستان کے ان مختلف منصوبوں میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔چیلنجز کے باوجود حکومت نے ایک سال کے دوران سی پیک کے منصوبوں کو کامیابی سے مکمل کیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے مزید کہا کہ چین کے صدر شی چن پنگ کی مضبوط قیادت میں چین اپنے جدیدیت کے عمل کو ثابت قدمی سے آگے بڑھا رہا ہے جبکہ چین جدیدیت میں نئی کامیابیوں کے ساتھ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی ترقی کے نئے مواقع فراہم کر رہا ہے۔



















