Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب میں کسی جگہ پرسیلابی صورتحال کاسامنا نہیں، محسن نقوی

پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی جگہ پرسیلابی صورتحال کاسامنا نہیں،صورتحال پرنظررکھے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دریائے راوی کا دورہ کیا اور دریا میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ محسن نقوی نے محکمہ آبپاشی،پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122کو چوکس رہنے اور تمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

اس موقع پر کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے بریفنگ دی اور کہا کہ بھارت نے 185,000 کیوسک پانی اُجھ بیراج سے دریائے راوی میں چھوڑا ہے اور اس وقت دریائے راوی سے 14 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔

لاہور میں دریائے راوی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت نے گزشتہ سال بھی اتنا ہی پانی چھوڑا تھا، پچھلے سال پانی لاہور پہنچ کر 31 ہزار کیوسک رہ گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تمام وزراء اور افسران اس وقت فیلڈ میں ہیں، اس وقت پنجاب میں کہیں بھی سیلابی صورتِ حال نہیں ہے۔صوبائی اور مقامی انتظامیہ سیلاب کی صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے مزید کہا کہ دریا کی حدود میں بننے والی تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا اور مون سون میں ڈینگی مچھر کی روک تھام کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں