Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کے تمام علاقوں کو یکساں ترقی دیں گے، مرتضیٰ وہاب

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام علاقوں کو یکساں ترقی دیں گے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد،پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نجمی عالم،جنرل سیکریٹری ساؤتھ،وسطی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں نجمی عالم پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی نے کہا کہ پہلا اجلاس تعارف پر مبنی ہوگا جس میں پارلیمانی لیڈرز اپنی اپنی پالیسی بیان کریں گے، غیر پارلیمانی الفاظ نہ استعمال کریں گے نہ کرنے دیں گے، مل جل کر کام کرنا ہوگا۔

 پارلیمانی لیڈر مسلم لیگ (ن) فیروز خان کا کہنا تھا کہ علاقوں کی صورتحال بہتر کرنے کے لئے ہم میئر کے ساتھ ہیں، علاقوں میں پانی و سیوریج کے نظام بہتر کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

پارلیمانی لیڈر جمعیت علمائے اسلام مفتی خالد نے کہا کہ سٹی کونسل میں تمام کارروائی اتفاق رائے سے ہونی چاہیے، ہم پیپلز پارٹی کے اتحادی ہیں اور میئر کے شانہ بشانہ رہیں گے۔

پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف اسد امان نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں میں ساتھ دیں گے، میئر کراچی سے متعلق اچھا تاثر ہے امید ہے کہ بہتر نتائج دیں گے۔

پارلیمانی لیڈر ٹی ایل پی محمد یاسر نے کہا کہ کام میں سیاست کے بجائے خدمت کا جذبہ ہونا چاہیے، شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنے کارکنا ن بھی میئر کراچی کو دینے کے لئے تیار ہیں۔

 اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام منتخب یوسی چیئرمین کو برابر کے فنڈز دیئے جائیں گے، کوئی تقسیم نہیں کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اجلاس سے پہلے پارلیمانی لیڈرز کے ساتھ اجلاس کا مقصد باہمی مشورہ اور یکساں پالیسی اپنانا ہے۔ کراچی کے تمام علاقوں کو یکساں ترقی دیں گے، میئر کراچی اتنا ہی مضبوط ہوگا جتنا اراکین سٹی کونسل کریں گے۔

متعلقہ خبریں