Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی معیشت کیلئے زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، وزیرِاعظم

وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کیلئے زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ غذائی تحفظ قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 1960 کے بعد دوسرا بڑا سبز انقلاب لایا جارہا ہے، پچھتر سالوں میں ایسے کئی وژن آئے اور چلے گئے، ترقی کا راز صرف مسلسل عمل اور محنت میں مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرتی سے سونا اگلنے والے کسان یہاں بیٹھے ہیں، پاکستان کی معیشت کیلئے زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کسان پاکستان کے کروڑوں لوگوں کو غذائی اجناس فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ زراعت کیلئے سازگار ماحول دینا کسانوں کا حق ہے، حکومت کسانوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی اور جب کسان کو مناسب قیمت ملے گی تو وہ پھر شوق سے محنت کرے گا جس سے گندم اور کپاس کی پیداوار بھی اچھی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ریکارڈ گندم کی پیداوار ہوئی ہے، زرعی انقلاب کیلیے صحت مند بیچ، اچھی کھاد بروقت، ادویات کی فراہمی حکومت کا فرض اور جدید ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ سپہ سالار نے گرین پاکستان انیشیٹیو وژن کی بات کی اور مشورہ دیا کہ شہباز شریف صاحب ہمیں اس معاملے کو آگے بڑھانا ہے اور مل کر بہت بڑے وژن کو عملی جامع پہنانا ہے جس پر میں جنرل سید عاصم منیر کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے وفاق، صوبائی حکومتیں اور تمام ادارے بشمول ریسرچ سینٹرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ریسرچ سینٹر کی بحالی اور ترقی کے لیے ہم ہر چیز مہیا کریں گے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہمارے ملک میں کوئی کمی نہیں، پاکستان میں زرعی انقلاب برپا ہونے جارہا ہے، ہمیں اکھٹے ہوکر زراعت کے انقلاب کے وژن کو آگے بڑھانا ہے جبکہ ملک میں ساڑھے چار ارب ڈالر کا خوردنی تیل امپورٹ کیا، ہمیں اس کے تدارک کے لیے بھی زرعی انقلاب سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی حالات قرض سے نہیں سرمایہ کاری سے ٹھیک ہوسکتے ہیں، خلیجی ممالک پاکستان گرین انیشیٹیو میں سرمایہ کاری کیلیے تیار ہیں، کوئی بھی سرمایہ کار سیاسی حالات سازگار نہ ہونے تک سرمایہ کاری نہیں کرتا، ہم اپنے دوست کو یقین دلائیں کہ پیروں پر کھڑے ہونے جارہے ہیں تو وہ مزید ساتھ دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کہ زرعی انقلاب منصوبے سے چار پانچ سال میں پچاس ارب ڈالرز تک کی سرمایہ کاری آئے گی، چالیس لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، ہم انشاءاللہ دو سال میں پاکستان کو اسکا کھویا ہوا مقام دلوائیں گے۔

متعلقہ خبریں