Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عوام ہماری طاقت ہے اور رہے گی، ایمل ولی خان

ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عوام ہماری طاقت ہے اور رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے مولانا فضل الرحمان کی صحافیوں سے گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ پختونخوا کی حکومت ہے کوئی حلوہ نہیں کہ ہر کوئی کھائے۔

انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں مذہب کے نام پر جو من و سلویٰ جاری ہےابھی اس کا ذکر بھی نہیں کیا، میں نے صرف گورنر کی بات کی، قوم کو پتہ ہے کہ وہ مولانا اور انکی پارٹی کیلئے شرم کا باعث بن چکا ہے۔

صوبائی صدر اے این پی نے یہ بھی کہا کہ خود کا کیا دوسروں پر ڈالنا آسان ہے، اپنے سمدھی اور فیصلوں کو اپنانے کی ہمت پیدا کریں، میری عظیم غلطی ہے کہ غلام علی کی حمایت کی اور میں اپنی یہ غلطی مانتا ہوں۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر دہراتا ہوں، گورنرپختونخوا جے یو آئی کیلئے باعث شرمندگی بن رہا ہے، گورنرخیبرپختونخوا کا بدلنا نہ بدلنا میرا کام نہیں۔ دین کا لباس اوڑھے ملک کا جو حشر کیا ہے ایک دن اس کا جواب دینا ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آنیوالے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، زیادہ ترامیدواران نامزد ہوچکے ہیں، اے این پی کسی بھی بیساکھی کی محتاج نہیں، عوام ہماری طاقت ہے اور رہے گی۔

اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ قوم نے موقع دیا تو اسی طرح خدمت کریں گے جس طرح ماضی میں کی ہے، حکومت کے بھوکے نہیں ، ہم عوامی خدمت، حقوق اور امن کیلئے صف اول کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں