Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چار سال کی تباہی، بدنامی، رسوائی اور گندگی کی صفائی جاری ہے، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چار سال کی تباہی، بدنامی، رسوائی اور گندگی کی صفائی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ الحمدللہ صرف پندرہ ماہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے اندرونی اور بیرونی سطح پر ایک کے بعد ایک    کامیابیوں کے سنگ میل عبور کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ بحال کیا، ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نجات ملی، عالمی فریڈم انڈیکس میں پاکستان کی 7 درجے بہتری ہوئی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی ریٹنگ ادارے ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی ریٹنگ بڑھا کر ٹرپل سی کر دی ہے اور اب اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور اس ضمن میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کونسل کا یہ کہنا ہے کہ پاکستان نے انسانی حقوق کی بہتری کے لئے پختہ سیاسی عزم کا اظہار کیا ہےجبکہ موجودہ حکومت کے درست سمت کے درست اقدامات کا کونسل نے اعتراف کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ چار سال کی تباہی، بدنامی، رسوائی اور گندگی کی صفائی جاری ہے جبکہ تمام جھوٹا سازشی عالمی پراپگنڈا زمین بوس اور ہمیشہ کے لئے دفن ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں