Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کا ایک اہم شراکت دار ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کا ایک اہم شراکت دار ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر اور اسلامی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو ایک ارب ڈالر دینے پر شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارے سے اسٹینڈ بائی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک کی طرف سے ملنے والے ایک ارب ڈالر نے بھی اہم کردار ادا کیا، اس مدد کے بغیر پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ مشکل تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کا ایک اہم شراکت دار ہے جس نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے۔

شہباز شریف نے فرانس میں اپنی اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک کی خوشگوار ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حال ہی میں قائم کردہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے قیام کے بارے آگاہ کیا جو خصوصی طور پر ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے قائم کی گئی ہے۔

اس موقع پر صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے جس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کو پاکستان دورہ کی دعوت بھی دی۔

متعلقہ خبریں