Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے اور بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی 9 لاکھ سے زائد بھارتی افواج جموں و کشمیر پر تسلط برقرار رکھنے کیلئے کشمیری عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دیکھیں گے

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کو نسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور زیرِ تسلط وادی میں بھارتی افواج کا ظلم و بربریت روکنے کے لئے متعدد قراردادیں منظور کی گئی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج ہم 1931ء کے ہیروز کے ساتھ ساتھ ان تمام بے گناہ کشمیریوں کی انمول قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس جدوجہد میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھارت پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں جاری جبر فوری روکے،فوجی محاصرہ ختم کرے اورزیرِ تسلط علاقے کاآبادیاتی ڈھانچہ تبدیل کرنے کی کوششیں بند کی جائیں۔

متعلقہ خبریں