وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سہولتکاروں کی گود میں بیٹھ کر قوم پر مسلّط گروہ جن ضمانتوں پر انتخاب کی تیاریوں کا ڈھونگ رچا رہا ہے قوم ان سے واقف ہے، راناثناءاللہ کی جانب سے انتخاب کی تیاریوں کے آغاز کے اعلان کا بہرحال خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ نے اسی قسم کی ایک پریس کانفرنس پنجاب میں اتنخاب کے حوالے سے بھی کی مگر اس کے بعد جوتے بغل میں دبا کر بھاگے، اپنے قول و قرار سے الٹے پاؤں بھاگنے اور لٹّو کی مانند گھوم جانے کی تاریخ رکھنے والے مجرم امید ہے اب اپنی بات پر کھڑے رہیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ رانا ثناءاللہ لندن میں پناہ گزین بزدل بھگورڑے کو انتخاب پر آمادہ کرکے پاکستان لائیں، انتخابی مہم کی فکر نہ کریں، قوم اس بھگوڑے کو اچھی طرح سے جانتی ہے، جو کمی رہ جائے گی انشاءاللہ ہم پوری کر دیں گے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پچھلے 15 ماہ کے دوران قوم نے دیکھ لیا کہ حکومت میں موجود مجرم محض بحران پیدا کرنے اور ان میں سنگینی لانے میں ہی مہارت اور تجربہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجرم، قاتل اور جاہل وزیرِداخلہ کو نہیں سمجھایا جاسکتا کہ ملکی وجود کو آزادی اظہار یا شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ سے کوئی خطرہ نہیں۔ پاکستان کو خطرہ آئین شکنی، قانون سے انحراف اور اقدار و روایات کی تباہی سے ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس ملک میں انتقام اور اداروں کے سیاسی استعمال کی رسمِ بد کا موجد آمریت کی نرسری میں پلنے والا بھگوڑا ہے، کسی اور نے نہیں جاتی امراء کے قزاق اور زر بابا نے آپس میں ایک دوسرے کےخلاف مقدمات کی بھرمار کی جبکہ عوام سے مسترد ہونے والے مجرموں کے اس گروہ نے پچھلے 15 ماہ میں کینہ پروری، انتقام اور بدلے کی شرمناک تاریخ رقم کی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدالتوں سے سزا یافتہ چور کے اس درباری کی ناک تلے دس ہزار سے زائد سیاسی کارکنوں اور معصوم شہریوں پر جیلوں میں ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، اس مجرم صفت حیوان کی ایماء پر پولیس ملک بھر میں چادر و چار دیواری کی حرمت پامال کرکے گھروں کو لوٹ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم جماعتوں کے ٹکڑوں پر پلنے والے اس مجرم کے نیچے آج ملک بھر میں ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی کھلے عام تذلیل جاری ہے، اس بیہودہ اور بدطینت درندے کے ہاتھوں ڈاکٹر یاسمین، عالیہ حمزہ، صنم جاوید، طیبہ راجہ اور خدیجہ شاہ سمیت درجنوں بے گناہ خواتین قید و بند کی اذیّت سے گزر رہی ہیں۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کا خواب عمران خان کا ہے جس میں رنگ عوام بھریں گے، انتخابات کے ہنگام ملک و قوم کیخلاف بدترین جرائم کے ارتکاب کے ذمہ داروں کا پورا محاسبہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شک نہیں ملک بحرانی کیفیت کا شکار ہے، ایک سال میں بھرپور جدوجہد کر کے ملک کو ایک بحران سے بچایا، اگلے 5 سال میں پاکستان کو خوشحال ملک بنائیں گے، ہماری اولین ترجیح ملک کا تحفظ ہے، الیکشن میں کامیابی کے بعد ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرینگے، ناقابل برداشت مہنگائی کومحدود کرینگے تاکہ عام آدمی برداشت کر سکے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ملک سے انتقام اور گالم گلوچ کی سیاست کا خاتمہ کرینگے، ایک فتنے نے ملک کی سیاست کو تقسیم کیا، انہوں نے نوجوانوں کو گمراہ کیا، ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا تھا 1999 کی طرح دوبارہ سازش کی گئی، ملک میں 4 سال تک ترقی کا عمل رک گیا، انتقامی سیاست نے پاکستان کی ترقی کے عمل کو روکا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات پیدا ہوئے کہ پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا، مارچ 2022 میں جو بحران تھا اس سے اب ہم محفوظ ہیں، نواز شریف نے ملک سے دہشتگری اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، جب بھی ملک بحران کا شکار ہوا ن لیگ نے بحران سے نکالا، پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا تو اس وقت ایک سازش ہوئی، سازش کے تحت نواز شریف کو سزا دی گئی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن پنجاب کا تنظیمی اجلاس آج بلایا گیا ہے جس میں بنیادی ایجنڈا زیرغور آئے گا، پارٹی کی تنظیم امیدواروں کو بھرپور سپورٹ کریگی، پنجاب میں بھرپور انداز سے مہم چلائیں گے، ہم باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، ہر حلقے میں ن لیگ کا امیدوار ہو گا، ن لیگ تمام حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے گی، ہم پنجاب میں انتخابی عمل کو آگے لیکر بڑھیں گے۔



















