صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت بنانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پرویز خٹک اور اُن کی پارٹی کے لئے نیک خواہشات و کامیابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین دونوں کی بنیاد و مقصد ایک ہی نظر آتا ہے
عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام سچائی جان چکے ہیں، نئی سیاسی فضا میں زیادہ بہتر کام ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مثبت اور خوشگوار اضافہ ہے، پرویز خٹک کے فیصلے سے ہمارے موقف کی تائید ہوئی، تخریب اور تشدد کی سیاست کو ایک اور دھچکا لگا، اب ملک کی تعمیر ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اداروں پر حملے نا قابل برداشت ہیں،9مئی کے واقعات کا رد عمل جاری ہے، پرویز خٹک بھی رازداں ہیں،انہیں علم ہے کون کتنا ذمہ دار ہے۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور کے پی کے میں 2018کے بعد عوامی مسائل بلکل حل نہیں ہوئے، فرد واحد نے اپنی تسکین کے لئے صوبوں میں مضبوط حکومتیں نہیں بننے دیں۔
پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت کا اعلان کردیا
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما و سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے “پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز” کے نام سے پارٹی کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت پشاور کے قریب چمکنی میں اجلاس کے بعد پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے قیام پر اتفاق ہوا۔
پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکانِ اسمبلی نے پرویز خٹک کی حمایت کا اعلان کیا تاہم سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی نئی سیاسی جماعت میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نئی سیاسی گہماگہمی؛ پرویز خٹک بڑا اعلان کرنے کیلئے تیار
پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ اور شوکت علی نئی پارٹی کا حصہ ہیں تاہم ارکانِ اسمبلی نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی وجہ سے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کی تھیں۔
اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان کی وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے۔



















