Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، صدر مملکت

صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں مالدیپ کی سبکدوش ہونے والی ہائی کمشنر محترمہ فرزانہ ظاہر کی ملاقات ہوئی جس میں صدر مملکت نے مالدیپ اور پاکستان کے باہمی مفاد کیلئے تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والی ہائی کمشنر کو ان کی مدت ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان مالدیپ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ہائی کمشنر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے، مالدیپ کو پاکستانی مصنوعات برآمد کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو دو طرفہ تناظر سمیت سارک، او آئی سی، اقوام متحدہ اور دولت مشترکہ کے فریم ورک میں بہت اہمیت دیتا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک اہم علاقائی اور عالمی مسائل بالخصوص گلوبل وارمنگ سے لاحق خطرات پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔

صدر مملکت نے قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کی شدت سے نمٹنے کے لیے ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک دونوں کو یکساں طور پر خطرہ ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کو سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف تفریق اور ان پر ظلم انتہائی تشویشناک ہے، عالمی برادری کو بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے مسلمانوں بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سارک کے مقاصد کے حصول کیلئے تنظیم کے احیاء پر بھی زور دیا اور کہا کہ اسلامی ممالک کو اسلام فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں