وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری کی ورلڈ بینک کی ریجنل ہیڈ آف سوشل پروٹیکشن نکول کلنگن سے ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک کی ریجنل ہیڈ آف سوشل پروٹیکشن اور قائم مقام ڈائریکٹر اور پریکٹس منیجر برائے یورپ ، وسطی ایشیا نکول کلنگن سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر نے کلنگن کو پاکستان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سماجی تحفظ کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ شازیہ مری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیےورلڈ بینک کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور عالمی بینک کو 2008 میں بی آئی ایس پی کےآغاز سے ہی ساتھ مل کر کام کرنے والے ایک اہم ترقیاتی شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا۔
شازیہ مری نے کہا کہ کم آمدنی والے گروپوں کے باصلاحیت نوجوانوں کی مالی مدد اور تکنیکی مدد کے ذریعے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ نے معاشی ترقی اور سماجی ترقی کے مواقع پیدا کرنے میں مدد کی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس اقدام کا مقصد افراد اور کمیونٹیز کو بااختیار بنانا اور انہیں اپنی روزی روٹی کو بہتر بنانے کے قابل بنانا ہے۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل کاروبار کی تعمیر میں باصلاحیت نوجوانوں کی مدد سے انٹرپرینیورشپ اور اختراع کو فروغ دینے میں مدد مل رہی ہے جو کم آمدنی والے گروپوں کی معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔



















