وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد موجودہ حکومت کی کامیابی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال نے جمعرات کو چینی ناظم الامور پینگ چنکسو سے ملاقات کی اور سی پیک منصوبوں پر کام جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری، وزارت منصوبہ بندی چیف اکانومسٹ آف پاکستان، اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے سی پیک منصوبوں کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا جو گزشتہ دہائی کے دوران اقتصادی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے توانائی، بجلی اور انفراسٹرکچر سے متعلق متعدد منصوبوں پر روشنی ڈالی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں سی پیک منصوبوں کو مکمل کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد موجودہ حکومت کی کامیابی ہے، ایک سال میں حکومت نے سی پیک کے متعدد منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جو ماضی میں نظر انداز کے گئے۔
یاد رہے کہ سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کے حوالے سے سی پیک سیکرٹریٹ اور وزارت منصوبہ بندی ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں، جن میں ایک بین الاقوامی کانفرنس، تعلیمی سیشنز اور ثقافتی شو شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اپریل 2022 میں حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے، موجودہ حکومت نے سی پیک منصوبوں کو بحال کیا گیا ہے جو پچھلی حکومت نے نظر انداز کر دے تھے۔
سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کے تحت اسلام آباد میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سی پیک منصوبے میں حصہ لینے والی پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے حکام کو سووینئرز سے نوازا جائے گا اور وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے ایک خصوصی سکہ تیار کیا گیا ہے۔



















