Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزارت اطلاعات و نشریات نے پیمرا قانون میں ترمیمی بل 2023 تیار کرلیا

وزارت اطلاعات و نشریات نے آئینی مدت پوری ہونے سے قبل میڈیا ریگولیشن سے متعلق اہم قانون سازی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ترمیمی بل 2023 تیار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) میں ترمیمی بل 2023 تیار کرلیا جسے آج قومی اسمبلی میں منظوری کیلیے پیش کیا جائے گا۔

مجوزہ ترمیم کے مطابق پیمرا اتھارٹی میں ایک ممبر کا اضافہ کیا جائے گا، صحافی اور میڈیا ورکرز اپنی شکایات اور تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں پر شکایات کونسل آف کمپلینٹس میں کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ ترمیم کے تحت میڈیا مالکان 60 روز میں تنخواہوں کی ادائیگیوں کے پابند ہوں گے جبکہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ٹی وی چینلز کو سرکاری اشتہار نہیں دیا جائے گا

نئے قانون میں فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کی بھی تشریح کی گئی ہے جس میں ٹی وی چینل کے ضابطہ اخلاق میں ڈس انفارمیشن نشر نہ کرنے کی شرط بھی شامل ہے۔ اسلام آباد اور صوبوں میں ملازمین کی شکایات کونسل تشکیل دی جائیں گی، شکایات کونسل ایک چئیرمین اور پانچ ارکان پر مشتمل ہوں گی اور شکایات کونسل کی مدت دو سال ہوگی۔

شکایات کونسل میں ایک پی بی اے اور ایک پی ایف یو جے کے نمائندے کو شامل کیا جائے، ضابطہ اخلاق خلاف ورزی پر چینلز کو 10 لاکھ روپے جبکہ سنگین خلاف ورزی پر 1 کروڑ روپے جرمانہ ہوگا۔

نئے قانون کے تحت ڈس انفارمیشن کی تشریح وہ خبر جو قابل تصدیق نہ ہو وہ گمراہ کن کہلائے گی، ذاتی، سیاسی و مالی مفاد یا ہراساں کرنے کیلیے خبر ڈس انفارمیشن کہلائے گی، دوسرے فریق کا مؤقف لیے بغیر خبر بھی ڈس انفارمیشن کہلائے گی۔

متعلقہ خبریں