محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 22 سے26 جولائی کےدوران موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 22 سے26 جولائی کےدوران موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سیالکوٹ،نارووال ،گوجرانوالہ اورلاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ ڈیرہ غازی خان اور اس سے ملحقہ بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔
آج ہفتہ کے روز کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار سمیت پنجاب، شمال مشرقی اورجنوبی بلو چستان ، خیبر پختونخوا اور سندھ میں آندھی/تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر،شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار ،اسلام آباد ، بالائی خیبر پختونخوا اور سندھ شمال مشرقی بلو چستان اور سندھ میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور تیز ہواؤں کےپیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے ، جس میں کہا گیاہے کہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اورفلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران خطہ پوٹھوہار،پنجاب، سندھ، بالائی/وسطی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور قلات میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔



















