Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

محرم الحرام: اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی عائد

اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس کے مطابق محرام الحرام میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی، صحافیوں اور خواتین کو ڈبل سواری سے استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ اسلحے کی نمائش پر بھی سخت پابندی ہوگی، جس کا مقصد عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنا ہے۔

محرم الحرام کے دوران پولیس کی بھاری نفری اہم مقامات مجالس اورجلوسوں پرتعینات ہوگی، اسلام آباد پولیس نے محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی سیکیورٹی پلان بھی مرتب کرلیا، جلوسوں کے تمام راستوں مکمل طور پر سیل کیا جائے گا۔

دوسری طرف دفعہ 144 کے تحت اسلام آباد میں آج سے 2 ماہ تک ڈرون کیمروں پر پابندی ہوگی جس کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حساس تنصیبات کے رہائشیوں کی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ڈرون کیمروں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

کراچی : 9،10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

علاوہ ازیں کراچی سمیت سندھ بھر میں 9،10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سندھ بھر میں دفعہ 144 نافد کر دی گئی ہے، محرم الحرام کے سلسلے میں محکمہ داخلہ نے پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ بھر میں 9 اور 10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔

سندھ بھر میں محرم کے دوران اسلحہ لیکر چلنے پر بھی پابندی ہو گی، قانون نافد کرنے والے اداروں اہلکاروں کے علاوہ کسی کو اسلحہ لیکر چلنے کی اجازت نہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق مجالس اور امام بارگاہ کے علاوہ 5 افراد سے زیادہ کھڑے ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں