وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن برسر اقتدار آئی تو اگلے وزیر اعظم نوازشریف ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے ایم 3 سے منسلک فیصل آباد ستیانہ بائی پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ستیانہ بائی پاس 10 ارب روپے کا منصوبہ ہے ،اس سے فیصل آباد کے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے ناصرف 2018 کے دھاندلی کے ذریعے کامیاب کروائے جانے والے بہروپیوں کو شکست فاش دے کر 2018 کا بدلہ لینا ہے بلکہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب کروانا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمن اتحادی حکومت کے اہم زعماء ہیں، مسلم لیگ ن کے ساتھ جمیعت علماء اسلام کا تعلق آگے بھی نبھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے چار سال میں کسی ایک نئے منصوبے کی اینٹ نہیں رکھی،انہوں نے چار سال نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولا،بھونڈے الزامات لگاتے رہے،فیصل آباد کے لوگ ترقیاتی ریکارڈ منگوالیں۔
شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عوامی خدمت کا کوئی خاطر خواہ منصوبہ نہیں لاسکا۔اپنے دعووں پر عمل نہیں کیا،تین ماہ میں بیرون ملک سے پاکستان کی لوٹی دولت واپس لانے کا دعویٰ کیا لیکن چارسال میں ایک روپیہ واپس نہیں لاسکا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا اور اس کو توڑا، ہمارے دور میں اس معاہدے کے راستے میں اپنی صوبائی حکومتوں کے ذریعے رکاوٹیں کھڑی کیں
شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی تاریخ کےسب سے بڑےسیلاب سے ہم نمٹے ہیں، نوازشریف کے دور میں ملک تیزی سے ترقی کرہا تھا جن پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، نواز شریف کو اقامہ کی بنیاد پر نااہل کرکے ترقی کا سفر ختم کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالا،آئندہ انتخابات ہونے جارہے ہیں عوام جس کو اختیار دیں گے ہم اس کا احترام کریں گے،اگر مسلم لیگ ن کو ووٹ کی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں لایا گیا تو اگلا وزیر اعظم نوازشریف ہوں گے۔
شہبازشریف کا یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی سربراہی میں ہم کارکن کی طرح خدمت کریں گے،اتحادیوں سے مل پاکستان کی تقدیر پانچ سال میں بدل دیں گے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن کو دوبارہ اقتدار ملا تو ہم کشکول توڑدیں گے اور ترقی کا سفر وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے جبکہ ملک کے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ،بنجر زمینیں آباد اور معدنیات کی دولت سے پورے پاکستان کو فیضیاب کریں گے۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی دن رات الزام تراشی کرتی رہی ،ان کے اپنے فراڈ قوم کے سامنے آگئے، نوازشریف کو اگر اقتدار میں لایا گیا تو دس سال میں پاکستان بھارت کو اقتصادی میدان میں پیچھا چھوڑ دے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب،اراکین قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔



















