Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوئیڈن سے سفیرکو واپس نہ بلایا تو ہر جمعہ کو احتجاج ہوگا، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سوئیڈن سے سفیرکو واپس نہ بلایا تو ہر جمعہ کو احتجاج ہوگا۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن، ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان سمیت اسلامی دنیا سوئیڈن سے سفیر واپس بلوائے، سفیروں کو واپس نہ بلایا گیا تو ہر جمعہ کو احتجاج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان قرآن کی حفاظت کرنا جانتے ہیں خون کا نذرانہ دے کر قرآن کی حفاظت کریں گے، اسرائیل کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں اسرائیل کے ایجنٹس کی کوئی جگہ نہیں ہے، آج کا مظاہرہ پاکستان کی سرزمین سے بارش کا پہلا قطرہ ہے، آج کا اجتماع سوئیڈن میں قرآن کریم کی توہین پر دکھ اور غصہ کا اظہار ہے۔الیکشن کے بعد ہم اقتدار میں ہوں گے یا نہیں لیکن اسرائیل اور ان کے ایجنٹوں کے خلاف تحریک جاری رہےگی۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ مسلمان وسیع النظر ہیں حضرت محمد ﷺ کی طرح عیسی علیہ السلام اور موسیٰ علیہ السلام کو بھی سچا پیغبر انجیل اور تورات کو بھی الہامی کتاب سمجھتے ہیں، تمام آسمانی کتابوں کی عزت کرتے ہیں۔ مسلمان بپھر گئے تو زمین تنگ کردیں گے اور تمہیں کہیں جینے کا موقع نہیں ملے گا۔

متعلقہ خبریں