مسعود خان نےکہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کی کاروباری برادری کا ڈیٹا بیس تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیر نے پاکستانی سفارتخانے واشنگٹن ڈی سی میں بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پیٹرٹیکنسکی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ ان اعداد و شمار کو موثر طریقے سے برؤے کار لانے سے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کی کاروباری برادری کے درمیان بہتر نیٹ ورکنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ا طراف سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کاروبار کا ڈیٹا بیس قائم کرنے پر کام جاری ہے۔
سفیر پاکستان نے یہ بھی کہا کہ ہزاروں پاکستانی امریکی رئیل اسٹیٹ، مہمان نوازی، صحت کی دیکھ بھال، فارماسیوٹیکل، تشخیص، میڈیکل ٹرانسکرپشن اور بلنگ، ورک فورس کی تربیت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ایک بار جب کوئی کمپنی پاکستان میں کاروبار شروع کرتی ہے تو اسے پاکستان بہت منافع بخش لگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، امریکن بزنس کونسل اور پاکستان بزنس کونسل کے ساتھ امریکی بزنس کونسلز کے درمیان مضبوط انٹرفیس نئے کاروباری ماحول کو جنم دے گا۔
مسعود خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جہاں ہمیں پہلے سے موجود کاروبار کو سہولت فراہم کرنی چاہیے وہاں ہمیں نئے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ وہ پاکستان اور اس کے پڑوس کی وسیع مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر سکیں۔
پاک امریکہ تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستان میں معروف امریکی کمپنیوں کی کاروباری سرگرمیوں کو اجاگر کیا جو ملک میں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں۔
مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بڑی تیزی سے ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ اس عمل نے پاکستان اور علاقائی طور پر کاروباری برادری کے لیے بڑے مواقع پیدا کیے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ نے پاکستان میں ’گرین الائنس‘ پروگرام شروع کیا ہے جس میں گرین توانائی، موسم کے خلاف مزاحمت کرنے والے اور زیادہ پیداوار دینے والے بیج، اور یونیورسٹیوں کی باہم شراکت داری کو فروغ دینا شامل ہے۔ دونوں ممالک جینیاتی انجینئرنگ میں تعاون کر رہے ہیں۔
پاکستانی سفیر مسعود خان نے مزید کہا کہ امریکہ کی طرف سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہماری بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کی پوری صلاحیت کے مطابق ہونی چاہیے۔
ملاقات میں بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پیٹرٹیکنسکی نے پاکستانی سفیر کو دنیا بھر میں پھیلے اپنے نیٹ ورک اور اس کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ مضبوط بین الاقوامی افہام و تفہیم کی بنیاد کے طور پر کام کرنے کے لیے تجارتی سفارت کاری اور عوام سے عوام کے روابط کو فروغ دینے میں یقین رکھتا ہے۔
کاروباری برادریوں کے درمیان روابط پیدا کرنے میں سہولت کے بارے میں آفیسر پیٹرٹیکنسکی نے کہا کہ 200 امریکی کمپنیاں اس تنظیم سے وابستہ ہیں اور پورے امریکہ میں پھیلی ہوئی ہیں۔
ملاقات میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے صدر بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ کو امریکی تاجر برادری کے ایک وفد کو پاکستان لے جانے کی دعوت دی تاکہ وہ موجودہ مارکیٹ کی صلاحیت اور دستیاب کاروباری مواقع کا جائزہ لے سکیں۔



















