Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پہلا نشان حیدر پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید کا 75 ویں یوم شہادت

پہلا نشان حیدر پانے والے پاکستان کے عظیم سپوت جانباز کیپٹن محمد سرور شہید کا آج 75 ویں یوم شہادت ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سےجاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کے پہلے نشان حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کے 75 ویں یوم شہادت پر افواج پاکستان نے بھرپور خراج عقیدت پیش کی ہے جبکہ چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے بھی نشان حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کی ہے۔

 ترجمان آئی ایس پی آر  کا کہنا ہے کہ کیپٹن محمد سرور نے مادر وطن کے دفاع کے لئے بے مثال جرات و جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1948 تل پترہ آزاد کشمیر میں جام شہادت نوش کیا، کیپٹن محمد سرور شہید کی بے مثال جرات و بہادری اور عزم مصمم ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 ترجمان آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ کیپٹن محمد سرور کا یوم شہادت مادر وطن کے دفاع کے لئے افواج پاکستان کی غیر معمولی قربانیوں کا مظہر ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر  کا مزید کہنا ہے کہ آئیں ان ہیروز کو یاد کریں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لئے جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کیا، قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر فخر ہے۔

خیال رہے کہ مادر وطن کی خاطر بیرونی دشمنوں کے خلاف جنگ لڑنے والے کیپٹن سرور شہید دہشت گردوں اور اندرونی چیلنجز سے نبرد آزما پاک فوج کے جری سپوتوں کے لئے بہادری کی روشن مثال ہیں۔

ستائیس جولائی 1948ء جب ان کی بٹالین نے اڑی سیکٹر میں دشمن کی ایک اہم پوزیشن پر حملہ کیا تو اس حملے کے دوران انہوں نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ ستائیس اکتوبر 1959ء کو انہیں نشانِ حیدر کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا، انہیں پہلا نشانِ حیدر پانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں