Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں، نائب چینی وزیراعظم

نائب چینی وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ نے کنونشن سنٹر اسلام آباد میں سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی 10 سالہ تقریب میں شرکت کرکے مجھے خوشی محسوس ہوئی ہے، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا اہم منصوبہ ہے اور  یہ پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے خطہ میں سماجی ترقی کا آغاز ہوا ہے، پاک۔چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں۔

ہی لی فینگ نے یہ بھی کہا کہ سی پیک کے تحت سڑکوں کی تعمیر اور دیگر منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، انڈسٹری، کلچر اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ مقررہ مدت سے پہلے پنجاب سپیڈ کے تحت مکمل کیا گیا، سی پیک علاقائی ترقی کیلئے اہم منصوبہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 25 ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے، سی پیک کے تحت اربن ریلوے، فائبر آپٹک سمیت مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا۔

چین کے نائب وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ سی پیک نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی ہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی انجینئرز اور پاکستانی کارکنوں نے ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کام کیا ہے اور بعض ناممکن مقامات پر بھی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے اور رکاوٹوں پر قابو پایا ہے، سی پیک کے تحت توانائی، زراعت، ریلوے اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں منصوبے شروع کئے گئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لئے وہ سی پیک کے منصوبوں کو آگے بڑھانے اور علاقائی ترقی کی تجاویز پیش کرتے ہیں کہ پاکستان اور چین کو مل کر ترقی کا کوریڈور بنانے کی ضرورت ہے جس کے تحت سی پیک کے طویل مدت کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی قومی خود مختاری، آزادی، علاقائی سالمیت کے تحفظ، قومی اتحاد، سماجی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کی کاوشوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

ہی لی فینگ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان کے بہادر اور باحوصلہ عوام اپنے ہاتھوں سے اپنا مستقبل روشن کریں گے اور اپنا مستقبل اپنے ہاتھوں میں رکھنے کیلئے ترقی پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور چین کے مفادات مشترک ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، سی پیک دونوں ممالک کی دوستی کا محور ہے اور اس سے ہماری دوستی مضبوط ہوئی ہے۔

چین کے نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین کے صدر شی جن پنگ اور پاکستان کے قائدین سی پیک کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور انہوں نے اپنی ملاقاتوں میں اس حوالے سے بہت اہم کردار ادا کیا ہے جس سے سی پیک کو آگے بڑھانے میں مدد ملی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان فلیگ شپ منصوبہ ہے اور اس میں عوام کو ہی محور بنایا گیا ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ عام آدمی کو بہتر معیار زندگی مہیا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے پیغام کی روشنی اور چین اور پاکستان کے وزراء اعظم کی ملاقاتوں کے نتیجہ میں ہمیں یقین ہے کہ سی پیک میں چین اور پاکستان کا تعاون آئندہ عشرے میں مزید فروغ پائے گا۔

چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ نے مزید کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار ہو اور پاکستان اور چین کی لازوال دوستی مزید فروغ پائے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں