Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھانے کا مشن، ملک بھر میں آج یوم استحصال منایا جائیگا

بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھانے اور پاکستان میں بھارت کے خلاف یوم استحصال منانے کی  بھرپور تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یوم استحصال کے حوالے سے حکومتی سطح پر تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ، مقبوضہ کشمیر میں 05 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے خلاف پوری قوم یوم استحصال بھرپور انداز سے منائے گی۔

وزارت آمور کشمیر و گلگت بلتستان نے مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات کے خلاف اندرون وبیرون ملک یوم استحصال بھرپور انداز سے منانے کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی۔

آج صبح نو بجے شاہراہ دستور پر واک ہوگی اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی  اختیار کی جائیگی۔

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیری عوام کیخلاف بھارت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کی مذمت کیلئے متعدد تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

دوسری جانب صوبائی دارالحکومتوں اور گلگت بلتستان میں بھی کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا  جائے گا جبکہ اسلام آباد کی کشمیر ہائی وے کا نام بدل کر سری نگر ہائی وے  رکھ دیا جائے گا۔

یوم استحصال کے حوالے سے صدر پاکستان ، وزیراعظم پاکستان ، وزیر اعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان ، صدر آزاد کشمیر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کے پیغامات چلائے جائیں گے۔

وزیر خارجہ یوم استحصال کی مناسبت سے اقوام متحدہ کی سیکریٹری جنرل ، او آئی سی اور اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق کو خصوصی خط لکھیں گے جبکہ پاکستان کے سفیر  بھی مقامی اخبارات میں آرٹیکل لکھیں گے۔

پانچ اگست کے حوالے سے یوم استحصال کے حوالے سے مختلف ٹی وی چینلز پر کشمیر کے حوالے سے خصوصی پروگرامز چلائے جائیں گے جبکہ ریڈیو پاکستان پر بھی اس دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز چلائے جائیں گے۔

پاکستان میں موبائل کمپنیاں بھی اس دن کی حوالے سے خصوصی پیغام چلائیں گی اور تمام ٹی وی چینلز 05 اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اقدامات کی مذمت میں اپنے لوگوز سیاہ کریں گے۔

حکومت پنجاب کرتار پور اور واہگہ بارڈر پر اس دن کے حوالے سے خصوصی بینرز لگائے گی جبکہ سیاحتی مقامات پر بھی خصوصی بینرز آویزاں کیے جائیں گے اور سیاحوں میں خصوصی پمفلیٹ تقسیم کیے جائیں گے۔

ہوائی اڈوں پر غیر ملکیوں میں اس دن کی آگاہی ، بھارتی غیرقانونی اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق پیمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے,آزادی ٹرین کی طرز پر ٹرینوں کی چند بوگیاں اس دن کی مناسبت سے پینٹ کر کے چلائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پانچ اگست 2019ء کو مودی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر دی تھی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں