Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے ، پرویز اشرف

راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کےقیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی  کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کو اس کی اصل حیثیت میں بحال کیا جائے، مذکورہ بالا آرٹیکل کی منسوخی بھارت حکومت کی نفرت انگیز  پالیسیوں کی عکاسی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ  مودی سرکار کی فاشسٹ حکومت نے بھارت کے آئین سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کر کے کشمیری  عوام کی تحریک آزادی پر شب خون مارا ہے اور انہیں شناخت کے بنیادی حق سے محروم کر دیا ہے جو عالمی سطح پر کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے  تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورموں پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑ رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی  رہی ہے اور تمام پارلیمانی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے پاکستانی قوم اور میڈیا پر یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ طاقت کا استعمال بند کرے۔

راجہ پرویز اشرف نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر بھارت کی طرف سے عمر قید کی سزا سنائے جانے اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے فاشسٹ اقدامات سے کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کو نہیں دبا سکتا۔

 انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی وہ یاسین ملک سمیت تمام کشمیری قیدیوں کو بھارت سے چھڑوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اس امید کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جلد  آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور وہاں کے لوگ پرامن ماحول میں زندگی گزار سکیں گے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں