وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ نےکہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری موغدم کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان صدیوں پرانے گہرے اسٹریٹیجک اور برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ نے سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جس کی جڑیں ہماری مشترکہ قدیم ثقافتی، تاریخی اور مذہبی اقدار میں ہیں۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں بالخصوص معیشت، توانائی، ثقافت اور انسانی حقوق میں ان تعلقات کو بڑھانے پر زور دیا۔
وزیر نے امید ظاہر کی کہ ملک میں تازہ انتخابات کے بعد آنے والی حکومت عوامی حمایت رکھنے والی بین الاقوامی پالیسیاں متعارف کرائے گی، موجودہ حکومت نےمیاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو انتشار اور مایوس کن صورتحال سے نکالا ہے۔
ملاقات میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری موغدم نے بھی تاریخی دو طرفہ تعلقات کے بارے میں اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران اور پاکستان کے لوگ محبت کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ وہ کسی تنازع کے بغیر صدیوں سے پر امن ہمسایہ ہیں۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک یو این او میں ایک دوسرے کی حمایت کرتے رہے ہیں اور اب ایران آئی ایم ایف میں پاکستان کی حمایت کر رہا ہے۔ایران کو اپنی آزادا اور درست سمت خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے امریکا کی جانب سے پابندیوں اور دباؤ کا سامنا رہا ہے اور اب یہ دباؤ ایران اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں دخل اندازی بن گیا ہے۔
ایرانی سفیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن میں بہت بڑا پوٹینشل ہے جس سے ایران انرجی سے محروم اپنے پڑوسی ممالک کی مدد کرسکتا ہے لیکن بین الاقوامی طاقتیں پاکستان کے عوام کے لیے توانائی کی نعمتوں کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے رکن ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کو مزید موثر فورم بنانے پر بھی زور دیا۔



















