Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان سرمایہ کاری کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان سرمایہ کاری کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں مریم نوازشریف اور کینیڈین ہائی کمشنر لیزلی سکینلون نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، مریم نوازشریف نے لیزلی سکینلون کی آمد پر ان کا خیرمقدم کیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان جمہوریت سمیت مختلف شعبوں میں بہترین دوطرفہ تعلقات استوار ہیں، کینیڈا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک پاکستانیوں کے حقوق اور سہولیات کے لئے جامع پیکج دیا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی عدالتیں بنا رہے ہیں، موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے جامع قانون سازی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، پاکستان اور کینیڈا کے درمیان عالمی فورمز پر تعاون عالمی امور کے حوالے سے اہم ہے۔

اس موقع پر کینیڈا کی ہائی کمشنر نے مریم نوازشریف کی خواتین کے حقوق کے لئے جدوجہد کو سراہا اور نیک تمناﺅں کے اظہار اور ملاقات کے لئے وقت دینے پر مریم نوازشریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 

 

متعلقہ خبریں