وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوازشریف آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے اور قانون کا سامنا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب سائفر کا معاملہ سامنے آیا تھا تو موجودہ سیکرٹری خارجہ اسد مجید اُس وقت امریکامیں ہمارے سفیرتھے، اسدمجید نے ریکارڈ پر کہا تھا کہ اُن کی ڈونلڈ لو سے ملاقات ہوئی، اس میں سازش کا کوئی عنصر نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے خط لہرایا کہ سازش ہوئی ہے، پھر بعد میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا سازش نہیں ہوئی، الزام لگایا کہ فُلاں نے میری حکومت گرائی، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا وہ روس اور چین سےقریب ہو رہے تھے اس لیے حکومت گرائی گئی۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ مجھے کوئی خوشی نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں گئے ہیں، جب ہم جیلوں میں جاتے تھے تو چیئرمین پی ٹی آئی خود کہتے تھے ہم نے جیلوں میں بھیج دیا ، میں بھی اٹک جیل میں رہا ہوں، صبح نہاتے تھے تو پانی میں مٹی نکلتی تھی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف آئندہ ماہ پاکستان واپس آجائیں گے اور نوازشریف الیکشن مہم کی قیادت بھی کریں گے جبکہ ن لیگ نے الیکشن جیتا تو نوازشریف ہمارے وزیراعظم ہوں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف واپس آکر نہ ٹوپ اور نہ کوئی بالٹی پہنیں گے، نوازشریف وطن واپس آکر قانون کاسامنا کریں گے۔



















