شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نفرتوں کی سیاست کو ختم کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک اور جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہے، مشکل حالات میں لوگ اسمبلیوں میں آتے ہیں، یہ وہ اسمبلی ہے جس میں ہر شخص کو بولنے کا موقع ملا اور اسپیکر نے ہر شخص کو سنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ نے مشکل حالات دیکھے ، ہر شخص کو اپنی فیملی کی ذمہ داری پوری کرنا کتنا مشکل ہوتی ہے جبکہ سیاستدان کو تین ساڑھے تین لاکھ لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہوتا ہے ۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کو لوگ زیادہ زیادہ ووٹ اس لیے دیتے ہیں کیونکہ ان کے دروازے ہمیشہ عوام کے لیے کھلے رہتے ہیں، ہم نے جو خدمت کی اس پر عوام ہمیں ووٹ دے گی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ لوگ بنیادی سہولیات مانگتے ہیں اس لئے اربوں روپے سندھ حکومت نے خرچ کیے، کراچی میں بہت امپرومنٹ ہوئی، ٹرانسپورٹ میں بہت کام کیا ہے جبکہ سندھ حکومت نے اپنے ہر محکمے میں بڑھ چڑھ کر کام کیا۔
وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ نفرتوں کی سیاست کو ختم کیا جائے، عمران خان کے دور میں ہم لڑتے ہی رہے، پی ٹی آئی کے جو ارکان لڑائی جھگڑے میں رہے اللہ تعالیٰ ان کو بھی عقل دیں۔



















