Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

محسن نقوی کا غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ضلع مری میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت گورنمنٹ ہاؤس مری میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں 14 اگست کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں یوم آزادی کے حوالے سے ٹریفک مینجمنٹ کے تفصیلی پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر راولپنڈی نے 13 اور 14 اگست کی شب آتش بازی اور 14اگست کو شام موسیقی کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ اگلے 48 گھنٹے کے دوران مری میں 4 لاکھ سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔

چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے مری میں سیاحوں اور شہریوں کی سہولت کے منصوبوں کے میں بریفنگ دی۔

بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ مری کے کشمیر پوائنٹ پر یوم آزادی کی شب پر آتش بازی کی جائے گی، پارکوں اور دیگر سیاحتی مقامات پر آتش بازی اور میوزیکل شوہوں گے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محسن نقوی نے ضلع مری میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دیا۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مری کے سیاحتی علاقے کو مزید وسعت دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی پر مری میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر پیشگی انتظامات کئے جائیں۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری، راولپنڈی کے کمشنر، آر پی او، سی پی او، ڈپٹی کمشنر،محکمہ جنگلات، ٹورازم، این ایچ اے، پی ایچ اے، ڈی جی آرڈی اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ہاؤسنگ، تعمیرات و مواصلات، صحت کے سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ خبریں