بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوجونوں کے لیے معیاری تعلیم و روزگار کو یقینی بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ پورا یقین ہے، نوجوان نسل خوشحال، مضبوط اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے ہر شعبے اور محاذ پر قیادت کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ نوجوان ہیں،پاکستان ایک خوش نصیب ملک ہے کہ اس کی 63 فیصد سے زائد آبادی 15 سے 33 سال کی عمر پر مشتمل ہے۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ہمارے نوجوان ملک کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوان ہر چیلنج کا مقابلہ اور ہر شعبے میں قیادت کے لیے پرعزم ہیں،اب پاکستان کی ترقی کو کوئی روک نہیں سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قائدِ عوام شہید بھٹو نے اپنے دورِ وزارتِ اعظمیٰ میں نوجوانوں کو جتنی نوکریاں دیں، اس سے قبل کبھی ایسا نہیں ہوا تھا،قائدِ عوام نے پاکستانی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو دوست ممالک میں بھی روزگار دلوایا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو کے متعلق تو زبان زد عام تھا کہ “بینظیر آئے گی، روزگار لائے گی”،نوجوانوں کو گزشتہ تین دہائیوں میں آخری بار سب سے زیادہ نوکریاں اور روزگار کے مواقع سابق صدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت عوامی حکومت میں ملے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج کے نوجوانوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے مکمل طور آگاہ ہے،نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کی بلاامتیاز فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ نوجوان مایوس نہ ہوں، ہم سب مل جل کر محنت کریں گے اور نوجونوں کے لیے معیاری تعلیم و روزگار کو یقینی بنائیں گے۔
پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان کلائمیٹ چینج سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔



















