Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ترمیمی بل موجودہ میڈیا قانون میں بہتری لایا ہے، صدر مملکت

 صدر مملکت نے کہا ہے کہ ترمیمی بل موجودہ میڈیا قانون میں بہتری لایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پی ایف یو جے، اے پی این ایس، پی بی اے، سی پی این ای اور ایمنڈ کے نمائندوں کی ملاقات ہوئی جس میں صدر مملکت نے میڈیا ورکرز ، صحافی برادری کو پیمرا ترمیمی بل پر اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

صدر مملکت نے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ ، پیمرا قانون میں ترامیم متعارف کرانے پر میڈیا برادری کی اجتماعی کوششوں کو سراہا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے وفد کے ساتھ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ صدر مملکت نے معاشرے میں مکالمے اور خیالات کے آزادانہ تبادلے  کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کو الیکٹرانک میڈیا ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے جوڑنے سے انکے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ ترمیمی بل موجودہ میڈیا قانون میں بہتری لایا ہے، میڈیا رضاکارانہ طور پر نوجوانوں کو فیک نیوز ، ڈس انفارمیشن بارے آگاہ کرے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ نوجوان فیک نیوز سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، بچوں کو خاص طور پر فیک نیوز کے مضمرات بارے تعلیم دینے کی ضرورت ہے

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میڈیا بالخصوص سینئر صحافی تعلیمی اداروں اور جامعات کے ساتھ روابط بڑھائیں ، سینئر صحافی صحافت کے میدان میں ہونے والی نئی پیش رفتوں  کے بارے میں طلباء کو آگاہ کریں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کی نئی شکلوں بالخصوص سوشل میڈیا کی حرکیات کو سمجھنا چاہیے، میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو اخلاقیات ، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ اور تعمیری استعمال  بارے بتائے۔

وفد نے صدر مملکت کو نئے بل کی مختلف شقوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ترمیمی بل سے صحافی برادری کے ساتھ ساتھ میڈیا ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔

وفد نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے حمایت ، میڈیا کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں