Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فوری انصاف فراہم کرنے میں محتسب کا کردار بہت اہم ہے، صدر مملکت

صدر مملکت نے کہا ہے کہ فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے میں محتسب کا کردار بہت اہم ہے۔

ایوان صدر میں “انشورنس محتسب اور دہلیز پر تیز رفتار انصاف کا تصور”کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پانچوں محتسب بشمول وفاقی محتسب ، وفاقی انشورنس محتسب، وفاقی بینکنگ محتسب، وفاقی ٹیکس محتسب اور وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی ان کے دفتر کے ماتحت کام کر رہے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ انشورنس محتسب اور دہلیز پر تیز رفتار انصاف کا تصورسیمینارز کی سیریز کا ایک حصہ ہے جس میں انشورنس کے شعبے کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری کی اعلیٰ شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا تاکہ انشورنس کے کاروبار میں بہتری اور شفافیت کے لیے قیمتی آراء اور وژن پیش کریں۔

صدر عارف علوی نے محتسب کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ محتسب کے اچھے فیصلوں کو قومی پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر عام کیا جانا چاہیے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ لاعلمی کوئی بہانہ نہیں ہے اس لیے عوام کو متبادل ذرائع سے انصاف حاصل کرنے کے مختلف طریقوں کے بارے میں جاننا چاہیے۔ تنازعات کا متبادل حل عدالتی نظام پر بوجھ کم کرنے کا طریقہ ہے۔

 اس موقع پر وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر خاور جمیل نے کہا کہ ایف آئی او کا دفتر فوری انصاف کی فراہمی کے تصور پر کام کر رہا ہے۔

ڈاکٹر خاور جمیل نے مزید کہا کہ ہم انشورنس محتسب کی رسائی کو نچلی سطح تک بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم شکایت کنندگان کو ان کے مسائل کو خوش اسلوبی سے اور باہمی تصفیہ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں