Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملکی معاشی حب میں اسٹریٹ کرائمز کا خاتمے کیلئے حکمت عملی ضروری ہے، گورنر سندھ

 گورنر سندھ نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حب میں اسٹریٹ کرائمز کا خاتمہ کے لئے مؤثر حکمت عملی ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے نئے تعینات ہونے والی آئی جی سندھ رفعت مختار کی گورنر ہاﺅس میں ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، اس میں بہتری کے اقدامات، شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کی حکمت عملی اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ امید ہے آپ کی قیادت میں پولیس فورس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ ملک کے معاشی حب میں اسٹریٹ کرائمز کا خاتمہ کے لئے موثر حکمت عملی ضروری ہے، پولیس فورس کی کارکردگی میں بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

رفعت مختار نے آئی جی سندھ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

وفاقی حکومت نے پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) کے گریڈ 21 کے افسر رفعت مختار کو انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس تعینات کردیا ہے۔

نئے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) سندھ رفعت مختار کی تعیناتی کے بعد ان کے اعزاز میں تعارفی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں جونیئر افسر کی بطور آئی جی تعیناتی کے معاملے پر اعلیٰ پولیس حکام نے تحفظات کا اظہار کیا۔

آئی جی سندھ رفعت مختار کی زیرصدارت پہلے اجلاس میں سندھ کے 6 سینئر ایڈیشنل آئی جیز شریک نہ ہوئے۔ شرکت نہ کرنے والوں جاوید اوڈھو، عمران یعقوب، منیر شیخ، مظفر شیخ اور دیگر شامل ہیں۔

نئے آئی جی سندھ رفعت مختار سندھ میں گریڈ 21 کے تمام 7 افسران سے جونیئر ہیں، ان کا تعلق پولیس سروس کے 24 ویں کامن سے ہے۔

دوسری جانب آئی جی سندھ رفعت مختار کی تعیناتی کے بعد پولیس افسران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

آئی جی سندھ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد رفعت مختار سی پی او کراچی پہنچے تو انکا شاندار استقبال کیا گیا جبکہ دوسری جانب سندھ پولیس میں دھڑے بندی کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ کی بیوروکریسی کی تبدیلیاں جاری ہیں، ایڈیشنل آئی جی اور چیف سیکریٹری کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن بھی تبدیل کردیئے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں