Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بٹگرام چیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد میں سے 5بچوں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا

خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد میں سے 5 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا جب کہ باقی افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے پاک فوج کا آپریشن جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں گورنمنٹ ہائی اسکول بٹنگی پاشتو کے 6 طلباء سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے جنہیں بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔ بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹ گئیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ہزارہ پولیس طاہر ایوب نے تصدیق کی کہ 5 بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کرنے کے بعد اب گراؤنڈ سے آپریشن شروع کردیا گیا ہے، ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن رات اور موسم کے باعث روک دیا گیا۔

ذرائع نے بتایاکہ متبادل طریقوں سے پاکستان آرمی کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، ایک اور چھوٹی ڈولی کو اسی تار پر ڈال کر متاثرہ ڈولی کے قریب لایا جا رہا ہے اورچھوٹی ڈولی کے ذریعے تمام پھنسے افراد کو ریسکیو کیا جائے گا۔

چھوٹی ڈولی سے کھانے پینے کی اشیا بھیجی جا رہی ہیں، اسی ڈولی میں ایک ایک کر کے انتہائی احتیاط کے ساتھ بچوں کو ریسکیو کیا جائے گا، پاک فوج آپریشن کیلئے شمالی علاقہ جات سے لوکل کیبل کراسنگز ایکسپرٹ لے آئی، لوکل کیبل کراسنگز ایکسپرٹ کی خدمات بھی بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔

چیئرلفٹ میں موجود گلفراز کا بیان؛

چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گلفراز نے بتایا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔

انہوں نے کہا کہ ہم صبح سے مدد کے منتظر ہیں، چیئرلفٹ میں ہم 8 لوگ موجود ہیں ، اس میں موجود بچوں کی عمر10 سے 13 سال کے درمیان ہے۔

گلفراز کا کہنا تھا کہ لفٹ میں پھنسے ہمیں 5 گھنٹے ہوگئے، چیئرلفٹ میں ایک لڑکا تین گھنٹے سے بے ہوش ہے، یہ لڑکا دل کے عارضے میں مبتلا ہے  اور اسپتال جارہا تھا، لفٹ میں ہم 8 افراد موجود ہیں، چیئرلفٹ میں ہمارے پاس پینے کا پانی تک نہیں اور فون کی بیٹری بھی ختم ہورہی ہے۔

ریسکیو 1122 حرکت میں آگئی؛

ریسکیو 1122 نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بٹگرام کے ضلع الائی میں پاشتو کے مقام پر مقامی چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی، چئیر لفٹ میں متعدد بچے اور 2 اساتزہ کے پھنسنے کی اطلاعات ہیں، اطلاع موصول ہوتے ہی ٹیم موقع کی جانب روانہ کر دی گئی ہے۔

انجینئر شارق ریاض ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بٹگرام کا کہنا ہے کہ ریسکیو1122 بٹگرام کی ٹیم صبح سے جائے حادثہ پر روانہ کی گئی تاہم متاثرہ مقام کم وبیش 5 گھنٹوں سے زائد کی دوری پر ہے، ٹیم موقع پر پہنچتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دے گی۔

ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو آپریشن شروع؛

ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں کو بچانے کیلئے ریسکیو ہیلی کاپٹر بمعہ ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ چکا ہے اور آپریشن شروع ہو چکا ہے، بچوں کو بچانے کیلئے ہر ممکنہ کوشش جاری ہے۔

پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن میں مصروف؛

بٹگرام میں چیئر لفٹ کا ریسکیو آپریشن انتہائی مشکل اور کھٹن ہے کیونکہ ڈولی صرف ایک رسی سے لٹکی ہوئی ہے اور ہوا بھی تیز چل رہی ہے۔

ہیلی کاپٹر نزدیک جانے سے ہوا کے پریشر سے ڈولی ہلنا شروع کر دیتی ہے جس سے آپریشن کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

اِس وقت سلنگ آپریشن کے ذریعے تمام احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہُوئے ریسکیو کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ریسکیو آپریشن میں اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم، پاکستان آرمی ایوییشن کے ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔

علاقے میں تیز ہوا کی وجہ سے آپریشن کافی مشکل ہے اور گزرتے وقت کے ساتھ روشنی کا کم ہونا مزید مشکلات میں اضافہ کر سکتا ہے۔

رات کے اندھرے میں پھنسے ہوئے افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا اور ریسکیو آپریشن جاری رکھنا انتہائی کھٹن بن سکتا

ہے۔

تمام مصائب کے باوجود پاک آرمی پھنسے ہُوئے افراد کو ریسکیو کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا معاملے پر نوٹس؛

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئر لفٹ میں پھنسے 8 افراد کے فوری ریسکیو ہونے کی ہدایت کر دی۔

وزیرِ اعظم نے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، اور تمام متعلقہ ریسکیو اداروں کو تمام تر وسائل بروئے کار لا کر طالب علموں اور اساتذہ کو ریسکیو کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے ساتھ وزیرِ اعظم نے پہاڑی علاقوں میں موجود ایسی تمام چیئر لفٹس پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

انوار الحق کاکڑ نے خستہ حال اور حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی چیئرلفٹس کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

نگران وزیر داخلہ کی ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت؛

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کو بچانے کیلئے ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں تمام وسائل برائے کار لائے جائیں۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے معاملے کا نوٹس لے لیا؛

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری چیف سیکرٹری سے رابطہ کیا اور پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکو کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

بلاول بھٹو کی چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں کی سلامتی کیلئے دعا؛

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بٹگرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کی جانیں بچانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کی سلامتی کیلئے دعا کی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں