Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات تاریخی، متحرک اور دیرپا ہیں، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات تاریخی، متحرک اور دیرپا ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اسلام آباد میں امریکی وفد نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی، اقتصادی تعاون، تجارتی شراکت داری اور عوام سے عوام کے تبادلے سمیت مختلف موضوعات بھی زیر بحث آئے۔

ملاقات میں ایک دوسرے کے مثالی جمہوری طریقوں سے باہمی طور پر مستفید ہونے اور پارلیمانی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تجارتی تعلقات اور تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام امریکہ کو سماجی و اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی میں ایک دوست اور اہم شراکت دار سمجھتے ہیں۔

امریکی وفد نے علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ وفد نے پاکستان کے ترقیاتی اہداف پورے کرنے کیلئے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں امریکی وفد نے کہا کہ پاکستان میں آکر خوشی ہوئی، پاکستان کے ساتھ تعلقات ہمارے لیے اہم ہیں اور ہم دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے یہاں موجود ہیں۔

امریکی وفد میں ریپبلکن ڈیرن لاہود، ایڈم ہوورڈ، جان لافر، لیفٹننٹ کرنل کیٹلن شگورے اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم شامل تھے۔

متعلقہ خبریں