Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہم نے نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہے، محسن نقوی

محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم نے نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں منشیات کی خریدو فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف  کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا۔

اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس نے صوبے بھر میں منشیات مافیا کے خلاف کارروائی کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔

محسن نقوی کو اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کی نشاندہی کے لئے مانٹیرنگ شروع ہو چکی ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ پرائیویٹ تعلیمی ہاسٹلز میں منشیات فروشی روکنے کے لئے کڑی نگرانی جاری ہے، عوام فرینڈز آف پولیس ایپ پر منشیات فروشی کی خفیہ اطلاع دے سکتے ہیں۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ منشیات مافیا کی سرکوبی کے لئے پولیس بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے، تعلیمی اداروں میں منشیات کے مکروہ دھندے کو روکنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہم نے نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہے، متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈی نیشن کے ذریعے منشیات مافیا کا قلع قمع یقینی بنائیں۔

اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پولیس، ایڈیشنل آئی جی ایڈمن، سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام آرپی او ز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ خبریں