نگران صوبائی وزیر برائے سیاحت فیروز جمال کاکا خیل نے کہا ہےکہ سیاحتی مقامات پر بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں صوبائی وزیر برائے سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ، میوزیم اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال کاکا خیل کی زیر صدارت محمکہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ، میوزیم کا پہلا اجلاس ہوا ہے۔
سیکرٹریٹ سیاحت کی جانب سے نگران وزیر کو بریفنگ دی گئی اور کہا گیا کہ ڈیپارٹمنٹ میں کل 57 سکیمز جاری ہیں جن کا مجموعی بجٹ 60,469 ملین ہے۔
اجلاس میں سیکریٹری سیاحت نے نگران صوبائی وزیر کو مختلف سرکاری گیسٹ ہاؤسز کی آؤٹ سورسنگ کے بارے میں آگاہ کیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر فیروز جمال کاکا خیل نے محکمہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے بہترین سیاحتی ممالک میں ہوتا ہے۔
بیریسٹر فیروز جمال کاکا خیل نےکہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے شعبے سے مزید استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، سیاحتی مقامات پر بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔
نگران وزیر سیاحت بیریسٹر فیروز جمال کاکا خیل نے مزید کہا کہ سیاحتی مقامات پر مزید کیمپنگ پوڈز لگائے جائیں اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جاری پراجیکٹس جلد مکمل کئے جائیں۔



















