Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بٹگرام چیئرلفٹ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کیونکہ چیئرلفٹ حادثے کے طالب علموں کو اﷲ تعالیٰ نے نئی زندگی دی ہے۔

تقریب میں نگراں وزیراعظم انوار الحق نے بٹگرام چیئرلفٹ آپریشن میں حصہ لینے والے ایس ایس جی کمانڈوز سمیت دیگر اداروں کے اہلکاروں اور مقامی افراد میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد پوری قوم پریشانی اور خوف و خدشات کا شکار تھی کیونکہ ان طالب علموں کی زندگی کا معاملہ تھا، پوری دنیا کی نظریں اس بات پر تھیں کہ پاکستان اس مشکل سے کیسے نمٹے گا۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کے زور پر اپنی بات منوانے کے خواہشمند غلط فہمی دور کر لیں ایسا کچھ نہیں ہو گا، نگراں حکومت کی ذمہ داری انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ پیچیدہ ریسکیو آپریشن کی کامیابی کیلئے بہترین حکمت عملی تیار کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل موسم اور صورتحال کے باوجود بھرپور منصوبہ بندی اور مربوط طریقے سے آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا، طالب علموں کا امداد کیلئے آنے والے فوجی جوانوں کو دیکھ کر حوصلہ بلند ہوا جبکہ یہ کامیابی ہم سب کا اجتماعی کریڈٹ ہے، پوری قوم نے ان بچوں کی زندگیوں کیلئے دعائیں کیں اور اﷲ تعالیٰ نے ہماری اجتماعی دعائیں قبول کیں ۔

انوار الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ تلخ واقعات ہماری زندگی میں آتے رہتے ہیں، گذشتہ روز وزیرستان میں پاک فوج کے جوان شہید ہوئے، پاک فوج، پولیس، سیاستدانوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم اپنے شہداء کو نہیں بھولیں گے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے پاس محدود وقت ہے، انتخابات میں معاونت فراہم کرنا ہمارا مینڈیٹ ہے لیکن بطور شہری مجھے بھی اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں