Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

توشہ خانہ کیس کا فیصلہ دینے والے جج ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی کیوں بنایا گیا؟ اصل وجہ سامنے آ گئی

توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو سزا سنانے والے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو  آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) بنا دیا گیا۔

 چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنانے کی منظوری دی جس کے بعد ایڈیشنل رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو اسلام آباد ہائیکورٹ رپورٹ کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنانے کی اصل وجہ

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنانے کی ایک اور اصل وجہ سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق ہمایوں دلاور نے یوکے میں ٹریننگ سے واپسی پر چیف جسٹس ہائی کورٹ کو خط لکھا جس میں انہوں نے خود کو درپیش سیکورٹی خدشات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمایوں دلاور کو خدشہ تھا کہ مظاہرین کی جانب سے ان کی کورٹ میں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے، ہمایوں دلاور کو یو کے میں ٹریننگ کے دوران بھی احتجاج اور تھریٹس کا سامنا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمایوں دلاور کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا اور یو کے پولیس نے مظاہرین کی جج تک رسائی کو ناکام بنایا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہمایوں دلاور کو سیکورٹی خدشات کے باعث ہائی کورٹ ٹرانسفر کیا گیا ، جوڈیشل افسر کی زندگی کو درپیش خطرات کے باعث ہائی کورٹ نے جج کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا۔

واضح رہے کہ جج ہمایوں دلاور نے 5 اگست کو توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سنائی تھی۔

عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو 3 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد سے وہ اٹک جیل میں قید ہیں۔

متعلقہ خبریں