نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ہمارا کام الیکشن کمیشن کی مدد کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بنیادی مینڈیٹ الیکشن کمیشن کی مقررہ تاریخ پر انتخابات کا انعقاد کروانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہم ایک ذمہ دار آئینی نگران حکومت ہیں، ہم کسی اہم آئینی عہدے کے خلاف ہرزہ سرائی نہیں کر سکتے اور نہ اس کا حصہ بن سکتے ہیں، ہم اپنے حلف کی پاسداری کریں گے۔
نگران وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پچھلی حکومت سیاسی اتحاد نے بنائی تھی، اس دور میں جو کچھ ہوا اس کی وضاحت انہیں خود کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کام الیکشن کمیشن کی مدد کرنا ہے۔ بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا ادراک ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، روپے کی قدر میں کمی ہوئی جس کی وجہ سے معاشی مشکلات پیدا ہوئیں۔
نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگلے ہفتے ہم معاشی بحالی کا منصوبہ دینے جا رہے ہیں، نگران وفاقی کابینہ میں شامل تمام وزراء اپنے اپنے شعبوں کے ماہر ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ جس حالت میں ہمیں ملک ملا اس سے بہتر حالت میں دے کر جائیں، ہمیں کفایت شعاری سمیت ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن سے معیشت بحال ہو۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا کام نہیں کہ کسی کے حق یا مخالفت میں عدالتی امور میں مداخلت کریں، ہم آئین اور قانون کا احترام کرتے ہیں، ڈرنا ان لوگوں کو چاہیے جو قانون اور آئین کے خلاف کام کرتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت نے ایسا عمل نہیں کیا جو 9 مئی کو ہوا، سانحہ 9 مئی سے جمہوریت مضبوط نہیں کمزور ہوئی ہے۔ سانحہ 9 مئی پر فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے جس کا ہمیں احترام کرنا ہے، انتقام ہماری نجات نہیں بلکہ انصاف ہی ہماری نجات ہے۔
نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں کے بیرون ملک جانے سے متعلق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، تنقید کرنے والوں کو تنقید کا حق حاصل ہے۔



















