الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے 21 اضلاع کی 65 ویلج او رنیبر ہوڈ کونسلوں کی متعدد خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پولنگ کے لئے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ مکمل کرلی گئی ہے جسے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے 21 اضلاع جہاں پر انتخابات ہونے ہیں ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مردان، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت ، ڈی آئی خان، ٹانک، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، دیر اپر، دیر لوئر اور باجوڑ شامل ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضمنی انتخابات کے لئے کل 256 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں جن میں 102 مردانہ ، 89 زنانہ اور 65 مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ 256 پولنگ اسٹیشنوں میں کل 798 پولنگ بوتھ قائم کئے ہیں جن پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 85 ہزار 8 سو 35 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 2 لاکھ 8 ہزار 9 سو 64 مرد جبکہ 1 لاکھ 76 ہزار 8 سو 71 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ سیکورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ سیکورٹی اداروں اور انتظامیہ کی جانب سے کل 256 پولنگ اسٹیشنز میں 159 حساس ترین ، 84 حساس جبکہ 13 پولنگ سٹیشنز نارمل قرار دیئے گئے ہیں جن کے لئے سکیورٹی اداروں کی جانب سے خاطر خواہ خواہ انتظامات کیے جائیں گی۔



















