Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا نیا ریکارڈ قائم

ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے، کراچی کے ہول سیل بازار میں چینی کی فی کلو قیمت میں ایک گھنٹے میں ریکارڈ 6 روپے اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن روف ابراھیم کا کہنا ہے کہ چینی کی فی کلو قیمت 163 روپے تاریخ کی بلند ترین سطح پر آگئی جب کہ ایکس مل کی قیمت میں بھی 5 روپے 50 پیسے اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی کلو ایکس مل چینی کی قیمت 160 روپے 50 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت ریکارڈ سطح 170سے 180 روپے فی کلو ہو گئی۔

روف ابراھیم نے یہ بھی کہا کہ مارکیٹ میں آج گھنٹوں کے حساب سے فی کلو چینی کی قیمت میں اضافہ جاری رہا ، ہول سیلرز کو بھی مہنگے دام میں بھی چینی نہیں مل رہی۔

چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن روف ابراھیمنے مزید کہا کہ یکم اگست سے اب تک چینی کی فی کلو قیمت میں 21 روپے اضافہ ہوچکا ہے اور اگر یہ ہی صورت حال رہی ہے تو چینی کی ڈبل سنچری زیادہ دور نہیں جبکہ چینی کی اسمگلنگ کی وجہ سے ریٹ میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

چینی کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

دوسری جانب اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ای سی سی نے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

 ذرائع کے مطابق چینی کی برآمد پر پابندی کا مقصد مقامی قیمتوں پر دباؤ میں کمی لانا ہے۔

 واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال 2 لاکھ 15 ہزار 751 میٹرک ٹن چینی بر آمد کی گئی جبکہ موجودہ مالی سال جولائی میں 5 ہزار 542 میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی۔

متعلقہ خبریں