Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات دی جارہی ہیں، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات دی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے یو اے ای قونصل جنرل کی دعوت پر قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں ان کی قونصل جنرل متحدہ عرب امارات سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں بلوچستان میں یو اے ای کی سرمایہ کاری میں اضافے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت بلوچستان اور یو اے ای کی یوتھ کے درمیان بھی روابط کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ملاقات میں اتفاق ہوا کہ دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کے باہمی دوروں کا اہتمام کیا جائے گا۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے ہیپینس کاؤنٹر کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا  اور کہا کہ کاؤنٹر کا قیام دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت ہے۔

میر علی مردان خان ڈومکی نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں توانائی معدنیات زراعت اور مالداری سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات دی جارہی ہیں، یو اے ای کے سرمایہ کار وں کا صوبے کے عوام اور حکومت کی جانب سے بھرپور خیر مقدم کیا جائے گا۔

ملاقات میں قونصل جنرل یو اے ای نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہیپنیس ڈیسک کے قیام کا مقصد پاکستانی عوام کو ویزہ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی ہے، ہیپینس کاؤنٹر کے زریعہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کو یو اے ای میں بزنس کرنے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ میں معاونت کی فراہمی ہے۔

یو اے ای قونصل جنرل نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

قونصل جنرل یو اے ای کا مزید کہنا تھا کہ یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جائے گا۔

 یاد رہے کہ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کا قونصلیٹ پہنچنے پر قونصل جنرل یو اے بغیت عتیق الرمیثی نے استقبال کیا اور نگران وزیراعلیٰ نے قونصلیٹ میں ہیپنیس ڈیسک کا افتتاح کیا۔

متعلقہ خبریں